راولپنڈی، حناجاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت، اعلی سطحی تحقیقات شروع

مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا تھا


ویب ڈیسک October 09, 2026

لاہور:

حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سی سی ڈی سہیل ظفر چھٹہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی پہنچ گئے

ذرائع کے مطابق سہیل ظفر چھٹہ نے سی پی او حسن مشتاق سکھیرا، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جبکہ خصوصی ٹیم نے لال کڑتی میں واقع اس اپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں حنا جاوید کو مبینہ طور پر تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود تفتیشی ٹیم نے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم کو کیس سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر پوسٹ مارٹم رپورٹ، مبینہ آلہ قتل، جائے وقوعہ سے ملنے والے اہم شواہد، وہاں سے کی جانے والی فون کالز اور مقدمے میں نامزد ملزمان سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے۔

حنا جاوید کے قتل کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا تھا، جس کے بعد خصوصی ٹیم نے باقاعدہ طور پر تفتیش کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خصوصی ٹیم کے دورے کے موقع پر ڈی ایس پی سول لائن، مقدمے کے تفتیشی افسر اور تھانے کے ایس ایچ او بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چھٹہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آج کیس کی تفتیش کرنے والی پوری ٹیم کے انٹرویوز بھی کریں گے تاکہ تحقیقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔