لاہور:
لاہور میں طلبہ کو نوکری کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے والے ملزم کو اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم فرحان پولیس والنٹیئر پروگرام کے طلبہ کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرتا تھا۔ متاثرہ طلبہ نے ڈی آئی جی آپریشنز کو شکایات پیش کیں جس پر خفیہ انکوائری کروائی گئی۔
ترجمان کے مطابق انکوائری میں شکایات درست ثابت ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد تھانہ نشتر کالونی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پولیس والنٹیئر پروگرام طلبہ کو پولیس سے رضاکارانہ طور پر منسلک کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ پروگرام میں شمولیت کے نام پر کسی کو رقم نہ دیں اور نوکری یا پروگرام کے نام پر پیسے مانگنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ ایسے کسی بھی فراڈ کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔