فنڈز نہ ملنے پر قومی ٹیم کی ورلڈ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ میں شرکت مشکوک

ورلڈ ٹین پن بولنگ ٹورنامنٹ میں چار رکنی قومی ٹیم نے شرکت کرنی تھی


ذوالفقار بیگ October 09, 2026

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے فنڈز نہ ملنے پر قومی ٹیم کی ورلڈ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

ورلڈ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 12 سے 21 اکتوبر تک جرمنی کے شہر میونخ میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر سے تقریباً 48 ممالک کے کھلاڑی قسمت آزمائی کریں گے۔

قومی ٹیم کی ورلڈ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے حوالے سے جب پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ابھی تک قومی ٹیم کی ورلڈ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے۔

ورلڈ ٹین پن بولنگ ٹورنامنٹ میں چار رکنی قومی ٹیم نے شرکت کرنی تھی جس میں احمر سلڈیرا، غضنفر بلال، دانیال الرحمان اور محمد معیز شامل ہیں۔

ورلڈ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے نمایاں ممالک میں پاکستان، امریکا، جرمنی، ملائیشیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، کویت، چین، کینیڈا، اسپین، فرانس، سویڈن، نیدرلینڈز، پولینڈ، ترکی، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ شامل ہیں۔