کراچی واٹر بورڈ کی ماہانہ ریونیو وصولیوں کا نیا ریکارڈ قائم

ستمبر میں 2 ارب 74 کروڑ، پہلی سہ ماہی میں 7 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول


اسٹاف رپورٹر October 09, 2026

کراچی:

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ستمبر 2026ء میں 2 ارب 74 کروڑ روپے کی ریکارڈ وصولیاں کرکے ادارے کی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ ریونیو جمع کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی وصولیاں 7 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی نے کہا ہے کہ مالیاتی اصلاحات کا مقصد شفافیت، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارے کی آپریشنل استعداد بہتر بنانا ہے تاکہ دستیاب وسائل کو پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں خرچ کیا جاسکے۔

واٹر کارپوریشن نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بلوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ ادارے کی مالیاتی استعداد میں مزید بہتری لائی جاسکے اور شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جاسکے۔

چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز کے مطابق ریونیو وصولیوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں نادہندگان کے خلاف مؤثر حکمت عملی، صنعتی، بلک اور سرکاری صارفین سے رابطوں میں بہتری اور ریکوری کے نظام کو فعال بنانا شامل ہے۔ نادہندگان کو واجبات کی مدت کے لحاظ سے مختلف گروپس میں تقسیم کرکے الگ الگ حکمت عملی اپنائی گئی، جبکہ طویل عرصے سے واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشن منقطع کرنے سمیت دیگر اقدامات کیے گئے حالیہ نادہندگان کو یاد دہانیوں اور اقساط کے ذریعے ادائیگی کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی، بلک اور سرکاری صارفین کے ساتھ اجلاس کرکے پرانے بلوں اور واجبات کی تصدیق و ادائیگی کے معاملات حل کیے گئے، جبکہ ریکوری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ادارے کے عملے اور آؤٹ سورس ٹیموں کو متحرک کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔