یہودی آبادکاروں کا فلسطینی باپ بیٹے پر حملہ؛ گاڑی بھی چھین لی؛ ویڈیو وائرل

اسرائیلی پولیس نے حملے کو قوم پرستانہ قرار دیتے ہوئے ایک اسرائیلی آبادکار کو حراست میں لے لیا جبکہ بقیہ فرار ہیں


ویب ڈیسک October 09, 2026
یہودی آبادکاروں نے فلسطینی باپ بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کار بھی چھین لی؛ (فوٹو: فائل)

مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی باپ بیٹے پر حملے اور گاڑی چھیننے کے شبے میں 15 سالہ اسرائیلی آبادکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ واقعہ رام اللہ کے قریب واقع گاؤں یبرود کے نزدیک پیش آیا تھا۔ جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دو کاروں میں سوار کم از کم چھ یہودی آبادکاروں کو ایک اور کار کو گھیرے میں لیتے اور پھر اس پر ڈنڈوں سے حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گاڑی سے نکل کر ایک شخص اور ایک نوجوان کو اپنی جان بچانے کے لیے بھاگتے نظر آئے۔

اطلاعات کے مطابق متاثرین فلسطینی باپ بیٹا تھے جو حملے کے دوران گاڑی سے نکل کر بھاگتے دکھائی دیے۔ یہودی آبادکاروں نے ان لاٹھیاں اور ڈنڈوں سے وار کیے۔ پھر ان کی گاڑی پر قبضہ بھی کرلیا۔

اسرائیلی پولیس نے واقعے کو قوم پرستانہ محرکات پر مبنی حملہ اور گاڑی چوری کرنے کا معاملہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی جبکہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی پولیس کے سربراہ موشے پنچی نے کہا کہ پولیس علاقے کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے انتہا پسند عناصر کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

واضح رہے کہ غزہ جنگ کے بعد سے مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوجیوں کے حملے اور ان کی آشیرباد میں یہودی آبادکاروں کے فلسطینی نوجوانوں پر حملے کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے جس پر اقوام متحدہ اور یہاں تک کہ امریکی حکومت نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔