پاکستان اور بھارت کی جوڑی نے جے 30 جبوتی میں ورلڈ ٹینس ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا

یہ کامیابی بین الاقوامی کھیلوں میں باہمی تعاون اور مثبت جذبے کی عکاسی کرتی ہے


ذوالفقار بیگ October 10, 2026

جونیئر ٹینس میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے محمد یحییٰ اور بھارت کے امرت واتس نے آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ٹور جونیئرز جے 30 جبوتی کا ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میں پاکستان اور بھارت کی جوڑی نے تھائی لینڈ کے ڈیوڈ ایوایو اور سعودی عرب کے احمد بہاء سروجی کو شکست دی۔

پاکستان اور بھارت کی مشترکہ جوڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں 2-6 اور 4-6 سے کامیابی حاصل کی اور چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

یہ کامیابی بین الاقوامی کھیلوں میں باہمی تعاون اور مثبت جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔

ٹینس نوجوان کھلاڑیوں کو باہمی احترام، ٹیم ورک اور کھیل سے مشترکہ لگاؤ کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر جناب عاصم الحق قریشی، سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف کی انتظامیہ نے محمد یحییٰ کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے ان کی عمدہ کارکردگی اور کھیل کے جذبے کو سراہا اور بین الاقوامی جونیئر ٹینس میں ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔