پختونخوا میں دہشت گردی بڑھنے کی ذمے دار تحریک انصاف ہے، عطا تارڑ

پی ٹی آئی کی پالیسیوں نے صوبے میں دہشت گرد عناصر کو مضبوط ہونے کا موقع فراہم کیا، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک October 10, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال کا ذمہ دار تحریک انصاف کو ٹھہراتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھادیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں نے صوبے میں دہشت گرد عناصر کو مضبوط ہونے کا موقع فراہم کیا، جبکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کو نظرانداز کیا گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا کی رہائشی آبادیوں میں لاکر آباد کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو کالعدم ٹی ٹی پی کی معاون جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی ذمہ داری اس جماعت پر عائد ہوتی ہے۔

عطا تارڑ نے صوبے میں انسداد دہشت گردی کے انتظامات پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مؤثر بنانا، فرانزک لیبارٹری کی سہولت فراہم کرنا اور پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی، لیکن اس سلسلے میں مطلوبہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

خواتین کے حوالے سے صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو ہدف بناتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طالبان کا خواتین سے متعلق نظریہ پورے خیبرپختونخوا پر مسلط کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی طویل حکمرانی کے باوجود صوبے کو ایسے حالات کا سامنا ہے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں نے صوبائی ترقی کے لیے کوئی وقت مختص نہیں کیا، لیکن تخریب کاری سے متعلق سرگرمیوں کے لیے مسلسل چھ چھ گھنٹے اجلاس کرتے رہے۔ وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کے 13 سالہ دور حکومت کو صوبے کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں خیبر پختونخوا ہمارے لیے باعث فخر تھا۔ خیبر پختونخوا امن کا گہوارہ تھا۔ 13 سال میں خیبر پختونخوا کا جو حشر پی ٹی آئی نے کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ خیبر پختونخوا صوبے کو قرون وسطیٰ میں لے گئی، جہاں کے عوام ترقی کی راہیں دیکھ رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے مستحق افراد کو پیٹرول پر سبسڈی دی۔ بانی پی ٹی آئی12 بجے ہیلی کاپٹر سے آفس آتے اور 5 بجے واپس چلے جاتے تھے۔ پی ٹی آئی کا دور حکومت سب کے سامنے ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو غربت میں قید کر دیا گیا ہے۔ لکی مروت سے صوابی تک آئی ٹی پارک کیوں نہیں بنائے گئے؟۔ خیبر پختونخوا کے عوام دہشت گردی کے جال میں پھنس گئے ہیں۔