فلسطینی صدر محمود عباس نے 28 نومبر 2026 کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق صدر محمود عباس نے نئے حکم نامے کے ذریعے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے 11 ستمبر 2027 کی تاریخ مقرر کی ہے۔
نئے شیڈول کے تحت فلسطین میں صدارتی اور قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن 11 ستمبر 2027 کو منعقد کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلے اور مختلف فلسطینی سیاسی جماعتوں اور دھڑوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
مشاورت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد کئی مشکلات کا شکار ہے۔
فلسطینی سیاسی قیادت اور مختلف گروپوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیلی اقدامات انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ آزادانہ، منصفانہ اور تمام طبقات کی شمولیت پر مبنی انتخابات کے لیے مناسب سیاسی، سکیورٹی اور زمینی حالات کا ہونا ضروری ہے۔
فلسطینی انتخابات طویل عرصے سے سیاسی اختلافات اور خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باعث مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔
انتخابی عمل میں تاخیر فلسطینی سیاسی نظام، عوامی نمائندگی اور مستقبل کی حکمرانی کے حوالے سے اہم سوالات کو جنم دیتی ہے۔