ریاض ایئرپورٹ پر زور دار دھماکا، پروازیں روکدی گئیں، مسافروں کو اہم ہدایت

علاقائی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ خالی کرایا۔ فضائی ٹریفک روکدی گئی


ویب ڈیسک October 10, 2026
حوثیوں کے ایئرپورٹس پر حملے کے بعد ریاض کی پروازیں منسوخ؛ (فوٹو: فائل)

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روز زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بعد ایئرپورٹ کی سکیورٹی اور فضائی آپریشنز سے متعلق تشویش بڑھ گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکے کی اطلاع عینی شاہد اور معاملے سے باخبر افراد نے دی۔ 

ایسوسی ایٹڈ پریس کو 2 علاقائی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ خالی کرایا گیا اور فضائی ٹریفک روک دی گئی۔

ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں کم از کم پانچ مسافر زخمی ہوگئے جنھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے

ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کرکے پرواز کی تازہ صورتحال کی تصدیق کریں۔

دھماکے کی حتمی وجہ اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید سرکاری تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب رواں ہفتے ریاض ایئرپورٹ پر حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان اور املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق جمعرات کو ہونے والے دو حملوں میں تین سعودی شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ سعودی ایئرلائن کے ایک طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔

حوثی گروپ نے اس سے قبل ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

دوسری جانب، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے 9 اکتوبر کو بتایا تھا کہ سعودی عرب کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم پی آئی اے نے ریاض کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کی تھیں۔