خیبر پختونخواہ میں ایمر جنسی یا گورنر راج کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس کل (اتوار) طلب کر لیا گیا ہے، جس میں گورنر راج اور ایمرجنسی دونوں کی منظوری کے علاوہ صوبے میں تگڑے چیف سیکریٹری کی تعیناتی سمیت اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔
خیبر پختونخواہ میں جاری سیاسی صورت حال کے بارے وفاقی کابینہ کا اہم ترین اجلاس کل (اتوار) کو طلب کر لیا گیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی دونوں کی منظوری متوقع ہے، کابینہ اجلاس میں صدر مملکت کے لیے ایڈوائس تیار کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی ایک ہفتہ قبل وزیر اعظم کو وجوہات تحریری طور پر بھجوا چکے ہیں کہ صوبے میں آئینی طور پر ایمرجنسی کا نفاذ ضروری ہو گیا ہے، ایڈوائس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر اعظم صدر مملکت کو ایڈوائس بھجوائیں گے، صدر مملکت کی منظوری کے فوری بعد صوبے میں ایمرجنسی نافذ ہوگی، صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے ساتھ اہم انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے کے چیف سیکرٹری کو تبدیل کیا جائے گا، صوبے میں نیا طاقت ور چیف سیکریٹری تعینات کیا جائے گا تاکہ انتظامی امور سنبھالے جا سکیں، کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے اس کی منظوری لی جائے گی، کابینہ ڈویڑن صبح سمری کابینہ میں ایڈوائس کے لیے پیش کرے گی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ صدر مملکت کی منظوری کے بعد کابینہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، نوٹیفکیشن میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا تفصیلی حوالہ دیا جائے گا، ایمرجنسی کے ساتھ صوبے میں اہم افسران کے تبادلے بھی کیے جائیں گے، ایمر جنسی و گورنر راج فوری لاگو ہوگا۔