کراچی، عمرہ زائرین اور بین الاقوامی مسافروں کی ویکسی نیشن شروع

پولیو، گردن توڑ بخار اور یلو فیور سمیت قابل اطلاق ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا


آفتاب خان October 10, 2026

کراچی:

عمرہ زائرین کو ویکسی نیشن کے بغیرسفرکرنے کی عارضی رعایت کی مدت ہفتے کوختم ہوگئی، جس کے بعدکراچی ائیرپورٹ پر عمرہ زائرین سمیت دیگر بین الاقوامی مسافروں کو پولیو، گردن توڑ بخار اور دیگر قابل اطلاق ویکسین لگانے کاعمل شروع کردیاگیا.

جناح ٹرمینل ائیرپورٹ(اسٹارگیٹ)پرعمرہ زائرین سمیت دیگر بین الاقوامی مسافروں کو پولیو،گردن توڑ بخار اور یلو فیور سمیت قابل اطلاق ویکسین لگانے کاعمل شروع کردیاگیاہے.

اس مقصدکیلیے بارڈر ہیلتھ سروسزکے زیر انتظام انٹرنیشنل ٹریولر ویکسی نیشن سینٹر فعال کردیاگیا ہے، جہاں مسافروں کو 24 گھنٹے ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائیگی.

واضح رہے کہ عمرہ زائرین کیلیے گردن توڑاور پولیو جبکہ افریقہ و شمالی امریکاکے لیییلو فیورویکسین لگوانے کی لازمی شرط پر عملدرآمدکی مدت میں 10 اکتوبرکے درمیان دومرتبہ توسیع کی جاچکی ہے.

بارڈرہیلتھ حکام کے مطابق بین الاقوامی سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے پروگرام کے مطابق متعلقہ ویکسین لگوانا لازمی قرار دیاگیاہے.

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک روانگی سے قبل اپنی منزل کیلیے درکارویکسی نیشن کے تقاضے پورے کریں اور اپنے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس کی تصدیق بھی یقینی بنائیں.

کراچی ائیرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹریولر ویکسی نیشن سینٹر ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ کے اسٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں قائم کیاگیا۔

فوکل پرسن بارڈر ہیلتھ ڈاکٹرغلام مرتضی شاہ نے ایکسپریس نیوزکو بتایاکہ مسافروں کی سہولت کیلیے ویکسی نیشن کی دستیابی اور سرٹیفکیٹس کے اجراکے انتظامات کیے گئے ہیں.

ویکسی نیشن کی مقررہ فیسوں کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پرگردن توڑ بخار (میننجائٹس) کی ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسین کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقررکی گئی ہے، پولیو ویکسین مسافروں کو مفت فراہم کی جائیگی.

غیر ملکی شہریوں کو متعلقہ ہدایات کے تحت قابل اطلاق ویکسی نیشن کی شرط سے مستثنیٰ قرار دیاگیاہے۔