ایف آئی اے کی بروقت کارروائی, عمرہ مسافروں کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کا انکشاف

مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک October 11, 2026

ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بروقت کارروائی میں عمرہ مسافروں کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کے نئے مبینہ روٹ کا انکشاف ہوا ہے جس میں 2 مسافر آف لوڈ بھی کردیے گئے.

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے دو عمرہ مسافروں، اعظم علی اور محمد سفیان کو تفصیلی پوچھ گچھ کے بعد آف لوڈ کردیا.

 مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی کے حوالے کردیا ہے.

دورانِ پوچھ گچھ مسافروں نے انکشاف کیا کہ مبینہ ایجنٹ عمرہ کے سفر کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب سے مصر، پھر لیبیا اور وہاں سے کشتی کے ذریعے اٹلی پہنچانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

 اس مبینہ راستے کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچانے کی کوشش سے متعلق معلومات سامنے آئی ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق، ابوبکر نامی مبینہ ایجنٹ، رہائشی گجرات نے اس سفر کے لیے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا.


مسافروں کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی ادائیگی کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ ادائیگی سے متعلق اسکرین شاٹ بھی حاصل کیا گیا ہے، جس کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق، مذکورہ ایجنٹ کا رابطہ نمبر بھی حاصل کرلیا گیا ہے، جبکہ اس کی شناخت، مالی لین دین اور مبینہ نیٹ ورک سے تعلق کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔ 

دونوں مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے.

شہریوں کو غیر محفوظ سمندری راستوں اور غیر قانونی سفری منصوبوں کے ذریعے ممکنہ استحصال سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔