سہیل آفریدی وزارت اعلیٰ کا ایک سال بھی پورا نہ کرسکے

سہیل آفریدی ایک سال بھی پورا نہ کرنے والے چوتھے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں


ویب ڈیسک October 11, 2026
فوٹو: فائل

معزول وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی ایک سال پورا بھی نہ کرسکے اور وہ وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے سے چار روز قبل معزول ہوگئے۔

محمد سہیل آفریدی نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مستعفی ہونے کے بعد گزشتہ سال 15 اکتوبر کو وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھایا، یوں وہ 361 دن وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز رہے۔

خیبرپختونخوا میں اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پیر صابر شاہ 128 دن، محمد اقبال جدون 87 دن اور مفتی محمود 351 دن تک وزیراعلیٰ رہے۔

سہیل آفریدی ایک سال بھی پورا نہ کرنے والے چوتھے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج عائد ہونے کے بعد معزول وزیراعلیٰ کے اپنی کابینہ کے ارکان اور پارٹی عہدیداروں نے پہلے روز احتجاج نہیں کیا۔

قبل ازیں سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے ایمرجنسی یا گورنر راج لگایا تو لوگ ترکی کو بھول جائیں گے۔

معزول وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ ایمرجنسی لگائی گئی تو عوامی سمندر حکمرانوں کو بہا لے جائے گا اور یہاں راج صرف عمران خان کا چلے گا۔