سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے اہم اعلان

سعودی عرب کا فلائٹ آپریشن تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، ایئرپورٹ ذرائع


ویب ڈیسک October 12, 2026
1129 مسافروں کو جعلی دستاویزات پر آف لوڈ کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا، حکام—فائل فوٹو

سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی ہے اور ایئرپورٹ آج رات 12 بجے تک بند رہے گا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق راڈار اور کمیونیکیشن نظام کا جائزہ لینے کے لیے بندش بڑھائی گئی ہے، جبکہ سعودی عرب کا فلائٹ آپریشن تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ ریاض ایئرپورٹ کی بندش سے پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے ، جس کی وجہ سے ریاض کے لیے مجموعی طور پر 34 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

اس صورتحال کے باعث مدینہ، جدہ اور دمام ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کو جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں لاہور سے ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی ایکس وائے 318، ایف تھری 656 اور پی نائن 580 شامل ہیں، جبکہ دمام جانے والی ایکس وائے 884 بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پروازوں کی منسوخی میں کراچی سے 6، اسلام آباد سے 4، لاہور سے 12 اور پشاور سے 2 پروازیں شامل ہیں۔

دوسری جانب دمام ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن 6 گھنٹے کی بندش کے بعد بحال کردیا گیا ہے، تاہم سعودی عرب جانے والی پروازوں کے مجموعی شیڈول میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔