پنجاب میں عدالتوں سے باہر تنازعات کے فوری تصفیے کیلئے اتھارٹی قائم

وزیراعلیٰ پنجاب اتھارٹی کی چیئرپرسن ہوں گی، مختلف شعبوں کے ماہرین کو بطور ممبران مقرر کیا جائے گا


ویب ڈیسک October 12, 2026

لاہور:

پنجاب میں عدالتوں سے باہر تنازعات کے فوری تصفیے کیلئے ’’ الٹرنیٹیو ڈسپیوٹ ریزولوشن اتھارٹی‘‘ (ADRA) قائم کردی گئی۔

نئی اتھارٹی کے ذریعے عوام اور حکومت سمیت مختلف فریقین کے درمیان تنازعات باہمی گفت و شنید سے کم وقت اور کم خرچ میں حل کیے جا سکیں گے۔

اتھارٹی طے پانے والے تصفیہ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، اتھارٹی کے قیام سے عدالتی نظام پر موجود مقدمات کے بوجھ میں کمی آئے گی۔

پنجاب حکومت نے عدالت سے باہر تنازعات کے تصفیے میں تیزی لانے کے لیے آرڈیننس کے تحت نئی اتھارٹی قائم کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اتھارٹی کی چیئرپرسن ہوں گی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو بطور ممبران مقرر کیا جائے گا۔

ممبران کی تقرری چیف منسٹر چیئرپرسن اتھارٹی کریں گی، تعنیاتی مدت میں توسیع بھی کی جاسکے گی، پنجاب الٹر نیٹیو ڈسپیوٹ ریزولیشن اتھارٹی میں ہائیکورٹ سپریم کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے ریٹائرڈ ججز، ریٹائرڈ سرکاری افسران، فوجداری و دیوانی ٹیکس ماہرین سمیت دیگر امور کے ایکسپرٹس کی تقرری کی جائے گی۔

اتھارٹی کے فورم پر حکومت اور عوام، عوام اور عوام  کے باہمی تنازعات اور کارپوریٹ کمپنیوں کے درمیان معاملات زیر غور لائے جا سکیں گے۔ اتھارٹی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات سے ہٹ کر تنازعات کو باہمی گفت و شنید کے ذریعے حل کرے گی جس سے طویل قانونی چارہ جوئی سے بچنے میں مدد ملے گی۔

اتھارٹی مختلف شعبوں کے ماہرین کو لائسنس جاری کرکے تصفیے کے عمل میں شامل بھی کر سکے گی جبکہ فورم پر طے پانے والے معاملات کو نوٹیفائی کیا جائے گا۔ نئی اتھارٹی کے قیام کا مقصد تنازعات کا کم وقت اور کم خرچ میں حل یقینی بنانا ہے۔