مسلمان مسافر کیوں ہے؟ اسرائیل نے ایتھوپیا کے کارگو طیارے کو واپس جانے پر مجبور کردیا

طیارے میں انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والا عملے کا ایک رکن موجود تھا جسے بنیاد بناکر طیارے کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی


ویب ڈیسک October 12, 2026
ایتھوپیا سے آنے والے کارگو طیارے کو اسرائیل نے واپس بھیج دیا؛ (اے آئی فوٹو)

ایتھوپین ایئرلائنز کی ایک کارگو پرواز کو فضا سے ہی واپس مڑنا پڑا جب اسرائیل نے طیارے میں انڈونیشی شخص کی موجودگی کے باعث لینڈنگ کی اجازت نہیں دی۔

اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ کارگو طیارہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے اسرائیل کی فضا میں پہنچا تھا لیکن رن وے پر اترنے کی اجازت دینے کے بجائے واپس بھیج دیا گیا۔

اسرائیلی حکام نے اس کی باضابطہ طور پر کوئی وجہ تو نہیں بتائی لیکن عبرانی ذرائع ابلاغ کی متعدد رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے طیارے کو اس لیے اترنے کی اجازت نہیں دی کہ اس کے عملے میں انڈونیشیا کا ایک شہری شامل تھا۔

اسرائیلی چینل 13 کے مطابق پرواز میں موجود عملے کی فہرست اسرائیلی حکام کو طیارے کے اڑان بھرنے کے بعد بھیجی گئی تھی۔ اسرائیل اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔

جب اسرائیل کو فہرست کے ذریعے کارگو طیارے میں موجود عملے میں ایک انڈونیشی شہری کی موجودگی کا پتا چلا تو طیارے کو واپس جانے کا کہا گیا۔

تاحال اسرائیل اور ایتھوپیا کی جانب سے اس واقعے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا جب کہ اسرائیلی میڈیا میں بھی اس عملے کے رکن کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پرواز کو واپس بھیجا گیا۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات سے اسرائیل آنے والی فلائی دبئی کی ایک پرواز کے عمانی معاون پائلٹ نے جہاز کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی تھی جسے عملے اور مسافروں نے ناکام بنایا تھا۔

عمان کے ساتھ بھی اسرائیل کے سفاتی تعلقات نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود عمانی پائلٹ پرواز میں شامل تھا۔ اس واقعے کے بعد سے اسرائیل نے پروازوں کے عملے کی سیکیورٹی جانچ پڑتال پر توجہ بڑھا دی ہے۔