خیبر پختونخوا؛ 9 سال سے ڈیوٹی سے غائب ڈاکٹرز کو برطرف کرنے کی سفارش

غیرحاضر ڈاکٹروں کو مراسلے بھی ارسال کیے گئے، تاہم کسی نے جواب میں محکمے سے رابطہ نہیں کیا


ویب ڈیسک October 13, 2026

پشاور:

خیبر پختونخوا میں 9 سال سے ڈیوٹی سے غائب ڈاکٹرز کو برطرف کرنے کی سفارش کردی گئی۔

خیبرپختونخوا میں پیشگی منظوری کے بغیر طویل عرصے تک ڈیوٹی سے غیرحاضر رہنے والے 26 میڈیکل آفیسرز کو ملازمت سے برطرف کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے غیرقانونی غیرحاضری کے مرتکب ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق پیشگی اجازت کے بغیر ڈیوٹی سے غیرحاضر رہنے والے ڈاکٹروں کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمے نے طویل مدت سے غیرحاضری پر متعلقہ میڈیکل آفیسرز کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے، جبکہ بعض ڈاکٹرز کی غیرحاضری کئی برسوں پر محیط ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق غیرحاضر 26 میڈیکل آفیسرز میں بعض ڈاکٹرز 2017 سے ڈیوٹی پر نہیں آئے۔ کچھ ڈاکٹرز 8، 9 سال سے غیرحاضر ہیں، جبکہ بعض کی غیرحاضری کا دورانیہ 2 سال ہے۔  ان ڈاکٹروں کی طویل غیرحاضری کو کارروائی کی سفارش کی بنیاد بنایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے اعلامیے کے مطابق غیرحاضر ڈاکٹروں کو متعدد مرتبہ ان کے گھروں کے پتے پر سرکاری مراسلے بھی ارسال کیے گئے، تاہم کسی نے ان مراسلوں کے جواب میں محکمہ سے رابطہ نہیں کیا۔

محکمہ صحت نے پیشگی منظوری کے بغیر طویل غیرحاضری پر میڈیکل آفیسرز کے خلاف قواعد کے تحت کارروائی کی سفارش کردی ہے۔