کراچی؛ پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی حالت میں گرفتار

پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکو اس سے قبل ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی واردات میں ملوث تھا، پولیس


منور خان October 14, 2026
فوٹو: پولیس

کراچی کے علاقے فیروز آباد، جمشید کوارٹرز اور کلاکوٹ پولیس نے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور دو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے بتایا کہ شہید ملت روڈ سدا بہار شادی ہال کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت یاسر عرف شعلہ کے نام سے ہوئی جو کہ 12 جولائی کو بہادر آباد کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر سیکیورٹی گارڈ اختر حسین سے اسلحہ چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کرنے کی واردات میں ملوث ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور سیکیورٹی گارڈ کو مزاحمت پر قتل کرنے کا مقدمہ نمبر 196 سال 2026 بہادر آباد تھانے میں درج ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مارے جانے والے ڈاکو کے قبضے سے 2 پستول، چھینے ہوئے موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، مارے جانے والا ڈاکو بلوچ کالونی کا رہائشی ہے۔

پولیس نے ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

جمشید کوارٹرز پولیس نے کشمیر روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اصغر علی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ، گولیاں، چلیدہ خول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ترجمان نے بتایا کہ ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

کراچی کے علاقے کلاکوٹ پولیس نے لیاری مل ایریا میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت 38 سالہ مسلم کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پیٹرولنگ پارٹی موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقابلے کے دوران ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، گرفتار ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور آلٹو کار برآمد ہوئی ہے، پولیس نے دونوں مقابلوں کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا اور پولیس ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے۔