لاہور:
مناواں میں کھیتوں سے ملنے والی سر قلم شدہ لاش کی شناخت روبن مسیح کے نام سے ہو گئی، پولیس کے مطابق مقتول کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ’’میری پہچان‘‘ ٹیم نے جدید بائیومیٹرک نظام کے ذریعے فنگر پرنٹس کی تصدیق کرکے مقتول کی شناخت مکمل کی۔
پولیس کے مطابق روبن مسیح 16 سال قبل ایک خاتون کو بھگا کر لے گیا تھا اور بعد ازاں اس خاتون سے دوبارہ مراسم قائم کر لیے تھے، جس پر خاتون کے بیٹوں کو رنج تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون کے بیٹوں نے مبینہ طور پر روبن مسیح کو قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی۔
پولیس نے واقعے کے مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جائے گی۔