پشاور:
خیبر پختونخوا میں 30 ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا جبکہ سیدو شریف اسپتال میں 6 افغان ڈاکٹرز کو ہاؤس جاب کرنے سے روک دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق پی ایم ڈی سی کے مراسلے کی روشنی میں ہدایات جاری کرتے ہوئے 6 افغان ڈاکٹرز کو فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے اور پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے 30 ڈاکٹروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا، اعلامیہ کے مطابق ان ڈاکٹروں کو انکی وضاحتوں، پیش کردہ شواہد اورانکوائری رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد برطرف کیا گیا۔
تمام ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے، ذاتی سماعت کا موقع دینے کے بعد کارروائی مکمل کی گئی، برطرف کیے گئے ڈاکٹروں سے سرکاری واجبات کی وصولی بھی کی جائے گی۔
برطرف کیے گئے ڈاکٹروں پر پی ایم ڈی سی کی جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی تقرریوں کے الزامات تھے۔ یہ ڈاکٹرز خیبرپختونخوا کے مختلف طبی مراکز میں تعینات تھے۔