پاکستان اور روس کا منشیات اسمگلنگ و سائبر کرائم کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر داخلہ محسن نقوی سے روسی ہم منصب کی ملاقات، پولیس تربیتی اداروں میں تعاون سمیت کئی امور پر بات چیت


ویب ڈیسک October 14, 2026

اسلام آباد:

پاکستان اور روس کے درمیان منشیات اسمگلنگ، منظم جرائم اور سائبر کرائمز کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں منظم جرائم کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مجرموں کی حوالگی اور تبادلے کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ فریقین نے ری ایڈمیشن معاہدے پر جلد عمل درآمد اور اینٹی نارکوٹکس فورس سمیت متعلقہ روسی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔

علاوہ ازیں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپس جلد ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے۔ مذاکرات میں پاکستان سے روس ہنرمند افرادی قوت بھیجنے اور پاکستانی سیاحوں و کاروباری برادری کے لیے ویزا حاصل کرنے کا عمل آسان بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

فریقین نے سائبر کرائم کی روک تھام اور دونوں ممالک کے پولیس تربیتی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ منظم جرائم کی روک تھام سے متعلق معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ویزا نظام میں آسانی سے پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان روابط بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے روس کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور پاکستان چاہتا ہے کہ مزید طلبہ بھی وہاں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔

دوسری جانب روسی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی نقل مکانی اور دیگر منظم جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے بتایا کہ روس نے مؤثر اقدامات کے ذریعے سائبر کرائم میں 33 فیصد کمی لائی ہے۔ ملاقات میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے تجربات اور معلومات کے تبادلے سمیت متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، پاکستان میں روس کے سفیر، وزارت داخلہ کے خصوصی اور ایڈیشنل سیکریٹریز، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، آئی جی ایف سی، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔