اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹروے اور اہم شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں اضافے اور 50 فیصد جرمانے کے خلاف مقدمات یکجا کر دیے۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے این ایچ اے کیسے اپنے طور پر اضافہ کر سکتی ہے؟ ٹول ٹیکس کہاں تک پہنچ گیا ہے، گیارہ سو سے بھی اوپر لے گئے ہیں۔ این ایچ اے کے وکیل نے کہا چار سال تک ٹول ٹیکس نہیں بڑھایا گیا، اس پر عدالت کی معاونت کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیویزم پینل کی درخواست پر سماعت کے دوران کہا ٹول ٹیکس کا تو معاملہ ہی ختم ہو گیا ہے، اب تو وہ بڑھ گیا ہے۔
این ایچ اے کے وکیل نے کہا اسی نوعیت کا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ عدالت نے اس کیس میں ایم ٹیگ پر حکم امتناع دے رکھا ہے، اب کوئی ایم ٹیگ نہیں لگوا رہا۔
چیف جسٹس نے کہا وہ کیس بھی منگوا لیتے ہیں اور دیگر مقدمات کو بھی۔ تمام کیسز یکجا کر کے آئندہ ہفتے سماعت کریں گے۔
عدالت نے این ایچ اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنے جواب کو فائل بنا کر دیں تاکہ آن لائن کیا جا سکے۔ عدالت نے تمام کیسز کو یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔