خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائس نصب کرنے کا الزام: اوپن اے آئی کے سعودی نژاد انجینئر گرفتار

اس آلے میں مائیکروفون موجود تھا اور یہ کیمرے سے بھی منسلک ہوسکتا تھا۔


ویب ڈیسک October 14, 2026
ایف بی آئی پر سائبر حملے میں ملوث اردن سے نوعمر ہیکر کو حراست میں لے لیا گیا (اے آئی فوٹو)

امریکی حکام نے مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی کے ایک سعودی نژاد انجینئر پر کمپنی کے دفتر میں خفیہ آڈیو ریکارڈنگ ڈیوائس نصب کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق 35 سالہ سعودی شہری عبدالرحمان الفوزان کو جمعے کے روز گرفتار کیا گیا۔ وہ جولائی 2025 میں اوپن اے آئی میں بطور انجینئر ملازمت اختیار کرنے سے قبل امریکا میں مستقل رہائشی حیثیت رکھتے تھے۔

استغاثہ کے مطابق مبینہ طور پر اس آلے کا مقصد کمپنی کی حساس ٹیکنالوجی سے متعلق خفیہ گفتگو ریکارڈ کرنا تھا۔

30 ستمبر کو سان فرانسسکو میں کمپنی کے ایک ایگزیکٹو کانفرنس روم میں ٹی وی کے پچھلے حصے میں یو ایس بی پورٹ کے ساتھ چھپائی گئی ایک چھوٹی ریکارڈنگ ڈیوائس دریافت ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس آلے میں مائیکروفون موجود تھا اور یہ کیمرے سے بھی منسلک ہوسکتا تھا۔

اوپن اے آئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے مشتبہ ڈیوائس دریافت کرنے کے بعد متعلقہ ملازم کو برطرف کردیا اور معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے حوالے کردیا۔

کمپنی کے مطابق فی الحال ایسے شواہد نہیں ملے کہ ملزم نے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز، سورس کوڈ یا صارفین کا ڈیٹا غیر مجاز طور پر حاصل کیا ہو۔ ملزم پر خفیہ طور پر گفتگو ریکارڈ کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔

جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے پانچ سال تک قید، ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے اور تین سال نگرانی میں رہنے کی سزا ہوسکتی ہے۔

تفتیش جاری ہے اور ملزم پر عائد الزامات ابھی عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔