آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ ہونے والا جہاز ڈوب گیا؛ ایران

جہاز آبنائے ہرمز میں ایک غیر مجاز اور خطرناک بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پاسدارانِ انقلاب


ویب ڈیسک October 14, 2026

آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث ایک کنٹینر جہاز میں آگ لگنے کے بعد اس کے ڈوبنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا کہ کنٹینر جہاز آبنائے ہرمز میں ایک غیر مجاز اور خطرناک بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ایرانی حکام کے مطابق جہاز پر 2,500 سے زائد کنٹینرز موجود تھے۔ جاری کردہ تصاویر میں جہاز سے اٹھتا سیاہ دھواں اور سمندر میں تیرتے کنٹینرز دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی وینگارڈ نے اطلاع دی کہ سنگاپور کے پرچم بردار کنٹینر جہاز جی ایف ایس پرائیڈ کو منگل کے روز ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا جس کے بعد وہ ڈوب گیا۔

تاہم، یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایرانی حکام اور وینگارڈ کی اطلاعات ایک ہی جہاز سے متعلق ہیں یا دو الگ واقعات ہیں۔ جہاز ڈوبنے کے واقعے اور دیگر حملوں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق منگل کو دو دیگر کنٹینر جہاز بھی نامعلوم پروجیکٹائلز کی زد میں آئے تاہم معمولی نقصان کے باوجود دونوں نے اپنا سفر جاری رکھا۔

اس کے علاوہ ایک آئل ٹینکر اور ایک دوسرے کنٹینر جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بلغاری حکام نے بتایا تھا کہ گنی بساؤ کے پرچم تلے چلنے والا مال بردار جہاز ’’ایچ ایس ڈگنٹی‘‘ ڈرون لگنے سے ساحل سے تقریباً 15 بحری میل دور ڈوب گیا۔

جہاز میں 16 افراد سوار تھے جن میں سے 5 کو دیگر تجارتی جہازوں نے بچالیا جب کہ دیگر 11 لاپتا ہیں جن کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ زیادہ تر افراد شامی اور مصری شہری ہیں۔

تاحال ڈرون حملے کی ذمہ داری کسی گروہ یا ملک نے قبول نہیں کی ہے البتہ بحیرہ اسود پر ایسی کارروائیوں میں عمومی طور پر یوکرین اور روس بھی ملوث رہے ہیں جو ایک دوسرے کے جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔