اسرائیل کی عدالت نے غزہ میں سرگرم مسلح تنظیم مجاہدین بریگیڈز کے لیے جاسوسی کرنے اور فوجی سازوسامان چوری کرکے فراہم کرنے کے جرم میں ایک بدو شخص کو ساڑھے 24 سال قید کی سزا سنادی۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق بیرالسبع کی ضلعی عدالت نے شہادہ ابو القیعان کو فوجی سازوسامان چوری کرنے، اسلحے سے متعلق جرائم، دہشت گرد تنظیم کا رکن ہونے اور جنگ کے دوران دشمن کی مدد کرنے کے الزامات میں سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے 2021 میں مجاہدین بریگیڈز نامی تنظیم سے آن لائن رابطہ قائم کیا۔ اس کے بعد وہ اپنے علاقے کے قریب فوجیوں اور ہیلی کاپٹروں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کرتا رہا۔
اس نے مبینہ طور پر اسرائیلی فوجی اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، سرکاری کمپنیوں اور تجارتی مراکز کی تصاویر بھی مجاہدین بریگیڈز کو بھیجیں۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے 2019 میں فوجیوں سے ایک خودکار رائفل اور گولیوں کا میگزین چوری کیا تھا۔ بعدازاں اس نے مبینہ طور پر پانچ دستی بم اور ہزاروں گولیاں بھی کو فراہم کرنے کی کوشش کی۔
ملزم 22 مئی 2022 کے بجائے اسی سال مئی میں فوج میں بھرتی ہوا تاکہ فوج کے اندر سے حساس معلومات حاصل کرکے تنظیم مجاہدین بریگیڈز تک پہنچا سکے۔
تاہم آٹھ روز بعد 30 مئی کو شن بیت نے اسے گرفتار کرلیا جس سے اس کا مبینہ منصوبہ ناکام ہوگیا۔ ملزم نے معاہدۂ اقرارِ جرم کے تحت الزامات تسلیم کیے تھے۔
استغاثہ نے اس کی اسرائیلی شہریت منسوخ کرنے کے معاملے کو بھی وزیر داخلہ یاریو لیون کے سامنے اٹھایا ہے۔