چین اور سعودی عرب کے مشترکہ ادارے ہواجِن آرامکو پیٹروکیمیکل کمپنی کو چین کے صوبے لیاؤننگ میں قائم اپنی ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس کے لیے سعودی خام تیل کی پہلی کھیپ موصول ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہواجن آرامکو کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ منصوبہ چین کے شہر پینجن میں واقع ہے اور اس وقت پیداوار شروع کرنے سے قبل تیاری کے مرحلے میں ہے۔
اس کمپلیکس میں روزانہ 3 لاکھ بیرل خام تیل پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ریفائنری شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ، کیمیائی پلانٹ میں سالانہ 16 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن ایتھیلین اور 20 لاکھ ٹن پیرا زائلین تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی۔
رائٹرز کے مطابق، اس منصوبے کو پہلے مئی یا جون میں شروع کرنے کا ہدف تھا، تاہم بعد میں اس کی شروعات ستمبر یا اکتوبر کے اوائل تک مؤخر کردی گئی تھی۔
رائٹرز نے اس سے قبل یہ بھی رپورٹ کیا تھا کہ چین کی سرکاری کمپنی ژنہوا آئل نے اس مشترکہ منصوبے کو خام تیل فراہم کرنے کے لیے اگست میں سعودی عرب سے 20 لاکھ بیرل خام تیل کی ترسیل بک کروائی تھی۔
منصوبے کی اہمیت
پینجن شِنچینگ کے چیئرمین جیا فئی کے مطابق، یہ منصوبہ زیادہ قدر والی پیٹروکیمیکل مصنوعات اور خصوصی کیمیکلز کی پیداوار میں اضافے میں مدد دے گا۔ اس سے تیل صاف کرنے اور کیمیائی صنعتوں کے درمیان روابط بھی مضبوط ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پینجن کو پیٹروکیمیکل اور خصوصی کیمیکلز کی صنعت کے لیے ملک بھر میں نمایاں مرکز بنانے کے ہدف کو آگے بڑھائے گا۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ چین اور سعودی عرب کے صنعتی و توانائی تعاون میں اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد خام تیل کی پروسیسنگ کے ساتھ اعلیٰ قدر والی کیمیائی مصنوعات کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔