اسلام آباد میں اسلامی نظریاتی کونسل کا اہم اجلاس جاری ہے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔
خصوصی وراثتی ٹریبونلز کے قیام کی تجویز پر اسلامی نظریاتی کونسل میں غور ہورہا ہے، لفظ محمد اور احمد کی درست املا کے نوٹیفکیشن سے متعلق وزارت مذہبی امور کی وضاحت کا جائزہ لیا جائے گا۔
نابالغ بچوں اور بیویوں کے گزشتہ عرصے کے نان نفقہ کی وصولی سے متعلق قانونی میعاد کے شرعی پہلوؤں پر غور ہوگا، نان نفقہ کی وصولی میں قانون میعاد سماعت 1908 کے آرٹیکل 120 کے اطلاق پر وزارت قانون و انصاف نے شرعی رائے طلب کرلی۔
لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نان نفقہ کی وصولی سے متعلق معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں زیر بحث آئے گا، قادیانیوں کی کتاب کی اشاعت پر پابندی برقرار رکھنے سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے سے اسلامی نظریاتی کونسل کو آگاہ کیا جائے گا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے 247ویں اجلاس میں مذہبی، عائلی اور قانونی امور سمیت مختلف معاملات پر غور ہوگا۔