ایف آئی اے کا غیرقانونی کرنسی ڈیلنگ کے خلاف بڑا ایکشن، لاکھوں کی غیرملکی کرنسی برآمد

کارروائی کے دوران موقع پر موجود چار افراد کو حراست میں لیا گیا


ویب ڈیسک October 15, 2026

ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ کے خلاف بڑا ایکشن لیا اور اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال کی پارکنگ سے لاکھوں کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل (CBC) کراچی کی نگرانی میں ایف آئی اے نے نجی اسپتال کی پارکنگ میں غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں مبینہ طور پر ملوث نیٹ ورک کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران موقع پر موجود چار افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کی شناخت محمد بابر دوسانی، یعقوب پٹیل، احمر حسین خان اور کاشف اشرف کے نام سے ہوئی۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی اور موبائل فونز برآمد کیے گئے، جن میں مبینہ غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ سے متعلق ڈیجیٹل شواہد موجود ہونے کا شبہ ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ برآمدگی میں 22 ہزار امریکی ڈالر، 40 لاکھ ایرانی ریال اور موبائل فونز شامل ہیں۔ موبائل فونز کو متعلقہ ڈیجیٹل شواہد کے جائزے اور مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

قانونی کارروائی کے لیے ملزمان اور برآمد شدہ کرنسی سمیت دیگر اشیاء کو ایف آئی اے پولیس اسٹیشن، سی بی سی کراچی منتقل کیا گیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ درج مقدمے میں یعقوب پٹیل، احمر حسین خان، کاشف اشرف، محمد بابر دوسانی اور مظفر علی نامزد ہیں۔ تفتیش کے دوران مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نوعیت، مالی روابط، دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور وسیع تر نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور دیگر غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔