سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال نے خواتین کے علاج کے لیے جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے 100 سے زائد گائنی روبوٹک سرجریز کامیابی سے مکمل کرلیں۔
اس موقع پر اسپتال میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکریٹری صحت سندھ طاہر حسین سانگی، رکن قومی اسمبلی یوسف بلوچ، نادر نبیل گبول، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان، پروفیسر ڈاکٹر سحر فاطمہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری صحت سندھ طاہر حسین سانگی نے کہا کہ لیاری جنرل اسپتال میں روبوٹک سرجری کی سہولت کا آغاز حکومت سندھ کی صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی پالیسی کا تسلسل ہے۔ حکومت سندھ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سمیت دیگر طبی اداروں میں بھی روبوٹک سرجری اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرارہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری کے نتائج بہتر ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج کی سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔ لیاری جنرل اسپتال میں 100 سے زائد گائنی روبوٹک سرجریز کی تکمیل پر اسپتال کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے، حکومت سندھ صحت کے شعبے میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہی ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی طبی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جارہا ہے۔
طاہر حسین سانگی نے مزید کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران سندھ میں صحت کے شعبے کے مختلف نئے منصوبوں اور سہولیات کا افتتاح کیا جائے گا۔ رزاق آباد اور گلشن حدید سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
میر رضا کیس میں سپرمیڈیکل بورڈ کی تشکیل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے سے آگاہ نہیں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نادر نبیل گبول نے کہا کہ حکومت سندھ نے صحت کے شعبے کے لیے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 11 فیصد مختص کیا ہے، جبکہ صحت کے لیے تقریباً 400 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے ذریعے علاقے میں ترقی اور جدید سہولیات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے، جس سے شہریوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان نے کہا کہ لیاری جنرل اسپتال میں 100 روبوٹک سرجریز کی تکمیل ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے سرکاری شعبے میں ٹیلی روبوٹک سرجری کے آغاز اور فروغ کے حوالے سے ان کا ادارہ بانی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے روبوٹک سرجری کے اخراجات سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر اس طریقۂ علاج کو مہنگا تصور کیا جاتا ہے، تاہم ان کے مطابق روبوٹک سرجری روایتی سرجری کے مقابلے میں 63 فیصد سستی ہے، اس شعبے میں طبی ماہرین کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ٹرینرز کی تربیت بھی کی جارہی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سحر فاطمہ نے اپنے خطاب میں ٹیلی روبوٹک سرجری کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے سرجن کسی دوسرے ملک میں بیٹھ کر بھی سرجری انجام دے سکتا ہے۔ انہوں نے اس طریقۂ علاج میں پیچیدگیاں نہ ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔
واضح رہے کہ لیاری جنرل اسپتال میں روبوٹک سرجری کی سہولت کا افتتاح حال ہی میں وزیر صحت سندھ نے کیا تھا۔ اسپتال میں اب تک 100 سے زائد گائنی روبوٹک سرجریز مکمل ہوچکی ہیں، جن سے لیاری اور کراچی کے دیگر علاقوں کے علاوہ دوسرے شہروں سے آنے والی خواتین بھی مستفید ہورہی ہیں۔
دریں اثنا صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بھی لیاری جرنل اسپتال کا دورہ کیا۔ لیاری جنرل اسپتال میں روبوٹک سرجری کی سہولت کا افتتاح حال ہی میں وزیر صحت نے کیا تھا