پشاور سانحہ؛ معصوم عماد زندگی کی بازی ہار گیا، بہن کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا

صبح بچوں کو اسکول بھجوا کر کام پر گیا، گھر سے فون پر پتا چلا کہ اسکول کی چھت گر گئی، والدین غم سے نڈھال


ویب ڈیسک October 15, 2026

پشاور:

پشاور اسکول واقعے میں معصوم بچہ عماد زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ اس کی بہن  معجزاتی طور پر محفوظ رہی۔

دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں ہونہار طالب علم عماد کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ دوسری جماعت کا طابعلم عماد اسکول حادثے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

معصوم بچے عماد کی والدہ واقعے کے بعد سے غم سے نڈھال ہیں جب کہ والد کو بھی شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صبح بچوں کو اسکول بھجوا کر کام پر گیا تھا، گھر سے فون آیا کہ اسکول کی چھت گری ہے۔

والد نے بتایا کہ عماد کی بہن تیسری جماعت کی طالبہ ملبے کے نیچے سے معجزانہ طور پر زندہ نکل آئی ۔

مبشر کا خواب ادھورا رہ گیا

دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے  میں دوسری جماعت کا طالب علم مبشر بھی جان کی بازی ہار گیا۔

لواحقین کے مطابق اس کا انجینئر بننے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مبشر آج اسکول جلدی گیا  اور اسمبلی کے بعد حادثے میں چل بسا ۔ وہ بڑا ہوکر انجینئر بننا چاہتا تھا۔