امریکی فوجی کارروائیوں کی خبریں لیک کرنے والوں کو گولی مار دینی چاہیے، ٹرمپ

ٹرمپ نے یہ بیان ریاست ایریزونا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دیا


ویب ڈیسک October 15, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجی کارروائیوں سے متعلق خفیہ معلومات میڈیا کو فراہم کرنے والوں کے لیے سخت سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دینا چاہیے۔

خبر رساں رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے یہ بیان ریاست ایریزونا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

انہوں نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے وقت سے متعلق معلومات صحافیوں تک پہنچانے والے نامعلوم ذریعے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ خفیہ معلومات افشا کرنے والوں کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اس نوعیت کے معاملات میں لوگوں کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے ہلاک کیا جاتا تھا۔

امریکی صدر نے تاہم اپنے خطاب میں مبینہ طور پر معلومات افشا کرنے والے شخص کی شناخت نہیں بتائی۔ ان کے بیان سے ایک بار پھر فوجی کارروائیوں سے متعلق حساس معلومات کے افشا ہونے پر ان کی تشویش اور سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔