ایرانی حقوق تسلیم ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی، ایرانی آرمی چیف کا اعلان

مخالف فریق نے ایران کی صلاحیتوں کا غلط اندازہ لگایا اور اسے کمزور سمجھنے کی غلطی کی، بیان


ویب ڈیسک October 16, 2026

ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک ایرانی عوام کے حقوق کا احترام نہیں کیا جاتا، مخالف فریق نے ایران کی صلاحیتوں کا غلط اندازہ لگایا اور اسے کمزور سمجھنے کی غلطی کی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے جمعرات کو تہران کی امام علی ملٹری یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالف فریق کی غلط حکمت عملی اور ایران کی طاقت کے بارے میں غلط اندازے جنگ شروع ہونے کی بنیادی وجوہات میں شامل تھے۔

ایرانی آرمی چیف کے مطابق مخالف فریق کا خیال تھا کہ ایران کمزور پوزیشن میں ہے تاہم اس نے ایرانی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو نظرانداز کیا۔

امیر حاتمی نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب نے جنگ کے ابتدائی گھنٹوں ہی سے بھرپور جواب دیا اور مخالف فریق کے خلاف سیکڑوں حملے کیے۔

ان کا بیان آبنائے ہرمز کی اہمیت کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جو عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کا ایک اہم سمندری راستہ ہے۔

ایرانی آرمی چیف کے اس اعلان سے خطے میں بحری آمدورفت اور عالمی توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔