کراچی؛ سوشل میڈیا پر خاتون کو ہراساں کرنے، ان کی کردار کشی کے الزام میں شہری گرفتار

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نےجعلی اور فرضی شناخت پر مبنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنائے، این سی سی آئی اے


آفتاب خان October 16, 2026
فوٹو: این سی سی آئی اے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے، بدنام کرنے اور ان کی کردار کشی کے الزام میں ایک شہری کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزم پر فیس بک اور انسٹاگرام پر جعلی اکاؤنٹس بنانے اور ان کے ذریعے خاتون کی تصاویر اپ لوڈ کرکے پھیلانے کا الزام ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نےجعلی اور فرضی شناخت پر مبنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنائے، جن کے ذریعے خاتون کی تصاویر شیئر کی گئیں، ملزم پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کردہ اور ڈیجیٹل طور پر تبدیل شدہ تصاویر استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق مبینہ طور پر ان تصاویر کے ذریعے خاتون کی ساکھ کو نقصان پہنچانے، انہیں ہراساں کرنے اور ان کی نجی زندگی میں مداخلت کی کوشش کی گئی۔

مزید بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کی دفعات 16، 20 اور 24 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس معاملے میں دیگر افراد کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔