رنبیر کپور کی 78 لاکھ روپے کی گھڑی میں کیا خاص ہے؟

تقریب میں رنبیر نے ’ایپک ایکس رام جنم بھومی روز گولڈ اسپیشل ایڈیشن‘ نامی گھڑی پہن رکھی تھی


ویب ڈیسک October 16, 2026

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی مہنگی گھڑی نے فلم ’رامائن‘ کی بین الاقوامی ٹریلر لانچ تقریب میں خاصی توجہ حاصل کی۔ جیکب اینڈ کمپنی کی تیار کردہ اس خصوصی گھڑی کی قیمت کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق 78 لاکھ بھارتی روپے ہے، جبکہ اس پر موجود مذہبی اور تعمیراتی نقوش اسے دیگر گھڑیوں سے منفرد بناتے ہیں۔

15 اکتوبر کو بنگلورو میں ہونے والی تقریب میں رنبیر کپور کے ساتھ سائی پلوی، روی دوبے، یش، راکول پریت سنگھ، ہدایت کار نتیش تیواری اور موسیقار اے آر رحمٰن سمیت کئی معروف شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کے دوران رنبیر نے مداحوں سے کنڑ زبان میں بات کرکے حاضرین کو خوش کردیا اور انہیں خوب تالیاں ملیں۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے کنڑ زبان کا صرف ایک جملہ سیکھا ہے، تاہم وہ اگلی ملاقات تک اپنے ساتھی اداکار یش سے مزید جملے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔

تقریب میں رنبیر نے ’ایپک ایکس رام جنم بھومی روز گولڈ اسپیشل ایڈیشن‘ نامی گھڑی پہن رکھی تھی۔ اس کی نمایاں خصوصیت نفیس کندہ کاری ہے، جس میں ایک مندر کا چھوٹا نقش، کمان اٹھائے بھگوان رام اور ہنومان کی شبیہ شامل ہیں۔ گھڑی کے ڈائل اور بیزل پر بھی ہندو دیوتاؤں سے متعلق نقش و نگار اور تحریریں بنائی گئی ہیں۔

نارنجی رنگ کے پٹے والی اس گھڑی کا بکل روز گولڈ سے تیار کیا گیا ہے۔ ایپک ایکس کلیکشن پہلی مرتبہ 2015 میں متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ 2022 میں اس میں نمایاں تبدیلیاں کی گئیں اور مختلف ماڈلز میں نئے مواد استعمال کیے گئے۔

جیکب اینڈ کمپنی کی گھڑیوں میں صرف مذہبی علامتیں ہی نہیں بلکہ بھارت کی معروف عمارتوں کے نقش بھی شامل کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے بعض ڈیزائنز میں تاج محل، انڈیا گیٹ، گیٹ وے آف انڈیا اور قطب مینار کی شبیہیں ٹائٹینیئم پر نفاست سے کندہ کی گئی ہیں۔