پی ٹی آئی لانگ مارچ کیس؛ تمام گرفتار کارکنوں کو بڑا ریلیف مل گیا

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے گرفتار تمام کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا


ویب ڈیسک October 17, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر گرفتار تمام کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا ۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان کے وکیل سردار محمد مصروف، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ تفتیشی افسر نے شناخت پریڈ کے لیے التوا کی درخواست دائر کی۔

سردار محمد مصروف نے کہا کہ ان ملزمان کو 40 دن سے زیادہ ہوچکے ہیں۔ ہر سماعت پر پولیس التوا مانگ رہی ہے، کارکنان کو پیش نہیں کیا جارہا۔ مرتضیٰ طوری نے کہا کہ تمام کارکنان بے گناہ ہیں، ان کو جان بوجھ کر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا جب دل کرتا ہے کسی کو گرفتار کر کے پی ٹی آئی کا بنا دیتی ہے۔

وکیل زاہد بشیر ڈار نے کہا کہ ہم نے پچھلی سماعت میں بھی استدعا کی تھی کہ بے گناہ کارکنان ہیں۔ عدالت گزشتہ سماعت والے اپنے آرڈر پر عمل کروائے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کر لی اور پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ شالیمار اور سیکرٹریٹ کے مقدمات میں شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل کیا گیا تھا۔