مولانا کے بغیر بھی حکومت چلے گی، اداروں کو مضبوط بنائیں گے، گورنر پختونخوا

مراد سعید چہیتا اور عمران خان کی جان تھا، اسی لیے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی تھی، فیصل کریم کنڈی


ویب ڈیسک October 17, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا کے بغیر بھی حکومت چلے گی، ہم ادارے مضبوط کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سلجھے ہوئے سیاستدان ہیں، لیکن ان کی پرسوں کی تقریر سے مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا خود امن و امان کے مسائل کی وجہ سے گھر نہ جا سکنے کا ذکر کرتے تھے، اب وہ گورنر راج کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر گورنر راج حرام ہے تو ایل ایف او کیسے حلال ہے؟۔  ڈی آئی خان میں کون سے معدنیات ہیں حالانکہ معدنیات نکالنے سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا جن کے ساتھ تھے ان کا چیپٹر کلوز ہو چکا ہے۔ مولانا کے بغیر بھی حکومت بن گئی ہے اور چلے گی بھی۔ ہمارے لوگوں کو امن چاہیے ۔ میں مولانا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ امن کے قیام کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔

سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بی ایل اے  اور کے پی کے میں ٹی ٹی پی ہے۔ بلوچستان حکومت فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ہم اپنے تمام سیکیورٹی اداروں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پشاور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلے اب ختم ہو چکے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کو دیکھ کر کارروائی کی جائے گی اور جہاں بھی ضرورت محسوس ہوئی وہاں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ضرور کیے جائیں گے۔

مراد سعید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مراد سعید عمران خان کا انتہائی چہیتا اور ان کی جان تھا، جس کی وجہ سے ماضی میں ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جا رہی تھی۔