یمن کے ساحل کے قریب ایل این جی ٹینکر پر چھوٹی کشتی سے فائرنگ

واقعہ یمن کے شہر المکلا سے تقریباً 140 ناٹیکل میل جنوب مشرق میں پیش آیا۔


ویب ڈیسک October 17, 2026

یمن کے ساحل کے قریب بحیرۂ عرب میں مائع قدرتی گیس لے جانے والے ایک ٹینکر پر سات افراد سوار ایک چھوٹی کشتی سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق واقعہ یمن کے شہر المکلا سے تقریباً 140 ناٹیکل میل جنوب مشرق میں پیش آیا۔

یو کے ایم ٹی او نے ہفتے کے روز بتایا کہ ٹینکر کے کپتان کی اطلاع کے مطابق سات افراد پر مشتمل چھوٹی کشتی جہاز کے قریب آئی اور اس پر گولیاں چلائیں۔

واقعے کے دوران ٹینکر پر تعینات مسلح سکیورٹی ٹیم نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو انتباہی فائر کیے جس کے بعد چھوٹی کشتی نے اپنا رخ تبدیل کر لیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ 17 اکتوبر کو عالمی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر رپورٹ کیا گیا۔

یو کے ایم ٹی او نے علاقے سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کے پیچھے کون تھا اور اس کا مقصد کیا تھا۔

واضح رہے کہ بحیرۂ عرب اور بحیرۂ احمر کے اطراف کے سمندری راستے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس علاقے میں حالیہ کشیدگی کے باعث دنیا میں تیل و گیس کی ترسیل کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور پیٹرول قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔