بونیر میں کوچ کھائی میں گرنے کا حادثہ، پشاور کے ایک ہی خاندان کی 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

اترائی کے وقت بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر کھائی میں گری، میتیں پہنچنے پر علاقے کی فضا سوگوار


احتشام خان October 17, 2026

خیبر پختونخوا کے ضلع ضلع بونیر میں کوچ پہاڑ سے گرنے کے حادثہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں پشاورسے تعلق رکھنے والی بدقسمت خاندان کی 5 خواتین سمیت 6 افرادبھی شامل ہیں جن کی میتیں پشاور پہنچا دی گئی ہیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں زاہدالرحمان کی بیوی اوربیٹی،اسدخان کی بیوی اور بیٹی بھی شامل ہیں۔ تمام افراد کی نعشیں پشاور پہنچا دی گئی ہیں ۔ واقعات کے مطابق ہزار خوانی اور موسی زئی پشاور سے تعلق رکھنے والی خواتین اور مردمبینہ طور پر شوگر کے دم کے لئے فلائنگ کوچ میں بونیرمیں واقع زیارت کیلئے جارہے تھے کہ بابا جی کھنڈاؤ کے قریب اترائی کے دوران کوچ تیزرفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پہاڑ سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

میتوں اور زخمیوں کو کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ گزشتہ رات میتیں پشاورکے متعلقہ علاقوں کو پہنچائی گئی ہیں۔

حادثہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت 20 سالہ دختر زاہدالرحمان ساکن ہزارخوانی، 50سالہ زوجہ زاہدالرحمان ساکن پشاور، زوجہ قیوم،50سالہ زوجہ اسد خان ساکن ہزارخوانی،20سالہ دختراسد خان ساکن ہزارخوانی، 40سالہ زوجہ شیخ اعظم ساکن ہزار خوانی، 50سالہ زوجہ گل الرحمان ساکن ہزارخوانی، 50سالہ زوجہ محمد اسماعیل ساکن ہزارخوانی، 51سالہ زوجہ میر حمید خان ساکن ہزار خوانی، زوجہ گل بابا ساکن ہزار خوانی اور صادق ولد عبدالرزاق ساکن ہزار خوانی کے ناموں سے ہوئی۔

جاں بحق افراد کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہے، متوفین کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔