پانی کی لائن ڈالنے کے دوران گیس لیکج سے رکشہ ڈرائیور جھلس کر زخمی، چند روز قبل آٹو قسطوں پر لیا تھا

ریسکیو رضاکاروں نے رکشہ ڈرائیور کو طبی امداد کیلیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا


منور خان October 17, 2026

شہر قائد میں واقع اسٹیڈیم روڈ پر نیو ٹاؤن کی جانب جاتے ہوئے نجی اسپتال کے سامنے سوئی گیس کی لائن میں لیکیج کے باعث رکشے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیڈیم رورڈ پر رکشہ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 35 سالہ ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوگیا اور اُسے طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم فائر ٹینڈر اور ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد رکشے میں لگی ہوئی آگ پر قابو پالیا تاہم آتشزدگی کے باعث رکشہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔

ایدھی حکام کے مطابق رکشے میں آگ بھڑکنے کے نتیجے میں ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ لیجایا گیا جہاں اس کی شناخت 35 سالہ عمران کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او نیوٹاؤن نے بتایا کہ آگ لگنے کا واقعہ زیر زمین گیس لائن میں لیکیج کی وجہ سے پیش آیا ، مذکورہ مقام پر رکشا ڈرائیور موجود تھا کہ اس دوران آگ بھڑک اٹھی ، سڑک سے گزرنے والی گیس لائن کی لیکیج سے لگنے والی آگ پر قابو پانے کے بعد فوری طور پر سوئی گیس حکام کو اطلاع کر دی گئی ہے جبکہ مذکورہ مقام پر کھدائی کا بھی کام چل رہا ہے تاہم پولیس نے متاثرہ مقام کو سیل کر کے پولیس کی نفری تعینات کر دیا گیا ہے،

اس حوالے سے موقع پر موجود سوئی گیس کے ملازم امین نے بتایا کہ سوئی گیس کی لائن کو کھدائی کے دوران نقصان پہنچا، مذکورہ مقام پر واٹر بورڈ کا عملہ پانی کی لائن ڈال رہا ہے اور اس دوران کی گئی کھدائی سے سوئی گیس کی لائن کو نقصان پہنچا تاہم واٹر بورڈ حکام کی جانب سے ہمیں اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گیس کی بو علاقے میں پھیلی ہوئی ہے تاہم عملہ موقع پر موجود ہے اور گیس لیکیج کو بند کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

موقع پر موجود عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ رکشے میں ایک خاتون بھی سوار تھی جو معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ یہ بھی بات سامنے آئی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور نے چند روز قبل قسطوں پر رکشہ لیا تھا جو مکمل خاکستر ہوگیا۔

ڈرائیور نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اُس نے جیسے ہی اسٹارٹ کرنے کیلیے چابی گھمائی تو اچانک رکشہ میں آگ لگ گئی تھی۔