وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 18 اکتوبر کے شہدائے کارساز کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے کارساز نے اپنی جانیں قربان کرکے ملک میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن ملکی تاریخ میں جمہوریت کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے تاریخی استقبال کے لیے آنے والے نہتے جیالوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی تھی، جبکہ سانحہ کارساز کے شہداء نے اپنے خون سے شجاعت کی نئی داستان رقم کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دھماکوں کے باوجود جیالوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کی۔ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کے مشن پر کاربند ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہداء کے جمہوری سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ سانحہ کارساز کا غم آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں تازہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ کارساز کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔