راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی روٹ پر ڈیوٹی کے دوران ڈولفن فورس کا اہلکار اپنی ہی رائفل سے گولی چلنے کے باعث زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اہلکار ڈبل روڈ سے فیض آباد تک سیکیورٹی کے لیے پٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات تھا۔ اس دوران رائفل زمین پر گر گئی، جس کے بعد اہلکار نے ایس او پیز کے مطابق رائفل اٹھا کر میگزین الگ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رائفل زمین پر گرنے کے باعث لوڈ ہوگئی تھی اور گولی چیمبر تک پہنچ گئی۔ اہلکار نے چیمبر خالی ہونے کی جانچ کے لیے رائفل کا رخ زمین کی طرف کرکے ٹریگر دبایا تو اچانک گولی چل گئی، جو اس کے پاؤں میں لگی۔