کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد، پولیس


اسٹاف رپورٹر October 19, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 مبینہ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

چھیپا حکام کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں ربانی مسجد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جن کی شناخت جمیل اور محمد کے نام سے ہوئی۔ دونوں زخمی ملزمان کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق منگھو پیر پولیس اور شاہین فورس نے ناردرن بائی پاس پر مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کی، جس کی شناخت غلام مصطفیٰ کے نام سے ہوئی۔

ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

دوسری جانب لیاقت آباد پولیس نے سندھی ہوٹل کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جس کی شناخت عظیم کے نام سے کی گئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔