حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں نمونیا سے بچاؤکی ویکسین شامل

ایک بچے پر نمونیا ویکسین کے کورس کا خرچ 20 ہزار روپے آتا ہے


Staff Reporter September 26, 2012
نمونیا کی ویکسین کو یونیسف اورگاوی الائنس کے تعاون سے پہلی بارای پی آئی پروگرام میں شامل کیاگیا ہے. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان میں شعبہ طب کی تاریخ میں پہلی بار بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں نمونیا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کوشامل کرلیا گیا ۔

نمونیا کی ویکسین کو یونیسف اورگاوی الائنس کے تعاون سے پہلی بارای پی آئی پروگرام میں شامل کیاگیا ہے جس سے پاکستان میں نمونیا کی وجہ سے بچوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

کیونکہ یہ ویکسین انتہائی مہنگی ہے جو عام آدمی اپنے بچوں کو لگوانے کی استطاعت نہیں رکھتا ایک بچے پر نمونیا ویکسین کے کورس کا خرچ 20 ہزار روپے آتا ہے ، ویکسین عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے پاکستان میں بلامعاوضہ دی جائے گی۔

ملک بھر میں ای پی آئی پروگرام میں اس ویکسین کا استعمال یکم اکتوبر 2012 سے شروع کیا جائے گا ، واضح رہے کہ دنیا میں ہر سال 15کروڑ سے زائد بچے نمونیا کا شکار ہوتے ہیں جس میں سے95 فیصد پانچ سال سے کم عمر کے بچے ہوتے ہیں

اسی طرح ہر سال نمونیا کے نتیجے میں 20 لاکھ بچے موت کا شکار ہوجاتے ہیں، نمونیا کی بنیادی وجہ جسم میں قوت مدافعت کی کمی کے ساتھ متوازن غذا کا فقدان ، صاف آب وہوا کا میسر نہ آنا اور تعلیم کی کمی جیسی اہم وجوہات شامل ہیں۔