سرکاری حج اسکیم واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی کل آخری تاریخ

ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کریں، ترجمان وزارت مذہبی امور


ویب ڈیسک October 19, 2026

اسلام آباد:

سرکاری عازمینِ حج کے لیے واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کی کل 20 اکتوبر آخری تاریخ ہوگی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سرکاری عازمینِ حج واجبات کی ادائیگی 20 اکتوبر تک لازمی مکمل کر لیں۔ ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کریں۔  پورٹل پر ادائیگی بینک کارڈ، ون لنک یا مینول بینک چالان کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے  بیان میں مزید کہا کہ حج درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے واجبات بروقت جمع کروائیں۔ حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کر کے ڈاکٹر سے تصدیق کروانا لازم ہے۔ تصدیق شدہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپلوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

عازمینِ حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئی معلومات اور ہدایات کے لیے پاک حج ایپ لازمی استعمال کریں۔ بروقت ادائیگی اور دستاویزات کی مکمل فراہمی سے عازمین حج کے مراحل کو شفاف اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ متعلقہ حکام نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کے انتظار کے بغیر تمام تقاضے پورے کریں۔