پرانے سوئیٹر کو نئے جیسا بنانے کے 3 آسان گھریلو طریقے

الیکٹرک شیونگ مشین یا کپڑوں کے روئیں صاف کرنے والی مخصوص مشین کو ہلکے ہاتھ سے سوئیٹر پر چلائیں۔


ویب ڈیسک October 19, 2026

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گرم کپڑوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے لیکن اکثر الماری سے نکالے گئے سوئیٹر پر چھوٹے چھوٹے روئیں اور گولے بن جاتے ہیں جن کی وجہ سے وہ پرانے اور بے رونق دکھائی دینے لگتے ہیں۔

سوئیٹر پر بننے والے ان روؤں کو پِلنگ کہا جاتا ہے جو کپڑے کے ریشوں میں رگڑ پیدا ہونے سے بنتے ہیں۔

اگر آپ کے پسندیدہ سوئیٹر پر بھی روئیں آگئے ہیں تو چند آسان گھریلو طریقوں کی مدد سے انہیں صاف کر کے سوئیٹر کی ظاہری حالت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

الیکٹرک شیونگ مشین کا استعمال

سب سے پہلے سوئیٹر کو کسی ہموار سطح پر پھیلا دیں اور اس کی شکنیں دور کر لیں۔

اب الیکٹرک شیونگ مشین یا کپڑوں کے روئیں صاف کرنے والی مخصوص مشین کو ہلکے ہاتھ سے سوئیٹر پر چلائیں۔

مشین کو آہستگی سے استعمال کریں تاکہ روئیں صاف ہو جائیں اور کپڑے کے دھاگوں کو نقصان نہ پہنچے۔

ریزر سے روئیں صاف کریں

سوئیٹر کے روئیں صاف کرنے کے لیے ریزر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم اس طریقے میں خاص احتیاط ضروری ہے۔

سوئیٹر کو ہموار سطح پر رکھیں اور ریزر کو بہت ہلکے ہاتھ سے ایک سمت میں چلائیں۔

چپکنے والی ٹیپ کا استعمال

اگر سوئیٹر پر ڈھیلے روئیں یا باریک ریشے موجود ہیں تو انہیں صاف کرنے کے لیے چپکنے والی ٹیپ استعمال کی جا سکتی ہے۔

ٹیپ کا چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر اس کا چپکنے والا حصہ سوئیٹر پر ہلکے سے لگائیں اور پھر آہستگی سے ہٹا لیں۔

سوئیٹر کو خراب ہونے سے کیسے بچائیں؟

روئیں صاف کرنے سے پہلے کسی چھپی ہوئی جگہ پر طریقہ آزما لیں۔ نرم اون، کشمیری یا نازک بُنائی والے سوئیٹر کے لیے مخصوص فیبرک شیور یا سویٹر کومب زیادہ مناسب رہتا ہے۔

اس کے علاوہ سوئیٹر کو الٹا کر کے دھونے اور زیادہ رگڑ سے بچانے سے نئے روئیں بننے کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں۔