سندھ کے ضلع کراچی شرقی سے پولیو کا ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد سال 2026ء میں اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد سات ہوگئی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق رواں سال رپورٹ سات پولیو کیسز میں سے پانچ خیبر پختونخوا اور دو سندھ سے رپورٹ ہوئے، کراچی میں پولیو کا آخری کیس دسمبر 2024ء میں رپورٹ ہوا تھا، پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق انسدادِ پولیو کی قومی مہم 2 سے 8 نومبر 2026ء تک منعقد کی جائے گی، کراچی کے تمام اضلاع سمیت ملک کے 97 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد ہوگا، 5 سال سے کم عمر 2 کروڑ 39 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق والدین بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں۔