یمن میں حوثیوں کا حکومتی فورسز کے تربیتی کیمپ پر میزائل حملہ، 50 سے زائد ہلاکتیں

حوثیوں نے مرکزی ٹریننگ سینٹر میں 3 بیلسٹک میزائل داغے تھے، ترجمان یمنی فوج ماجد النزیلی کی تصدیق


ویب ڈیسک October 19, 2026
حوثیوں کے یمن میں حکومتی فورسز کے ٹریننگ کیمپ پر حملے؛ 50 ہلاک اور 100 زخمی (فائل فوٹو)

یمن کے صوبے شبوا میں حوثی جنگجوؤں کے تین بیلسٹک میزائل حملوں میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے حملے میں سرکاری فورسز کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حملے کا نشانہ شبوا میں واقع العلم فوجی کیمپ بنا، جہاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والی فورسز تعینات ہیں۔

یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے تصدیق کی کہ حوثیوں نے مرکزی ٹریننگ کیمپ میں 3 بیلسٹک میزائل داغے تھے جہاں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ابتدائی اطلاعات میں 30 سے زائد ہلاکتوں اور 70 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی تاہم بعد ازاں حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 50 اور زخمیوں کی تعداد 100 سے زیادہ بتائی۔

بعض دیگر ذرائع نے اس سے زیادہ جانی نقصان کی اطلاع بھی دی ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق بڑی تعداد میں زخمی ہونے والوں کے باعث مقامی اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا جبکہ شدید زخمیوں کو دوسرے صوبوں کے طبی مراکز منتقل کرنا پڑا۔

یمنی فوج کے ایک ذریعے نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ حملہ حوثیوں کی ممکنہ زمینی کارروائی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے جیسا کہ ماضی میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہی شہر المخا میں ہوا تھا۔

فوجی ذریعے کے مطابق حوثیوں نے اتوار کو شبوا کو اپنے زیر کنٹرول صوبے البیضا سے ملانے والی سڑک بھی بند کردی تھی جس سے مقامی آبادی کی آمدورفت متاثر ہوئی۔

یمن میں حوثیوں اور حکومت کی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان لڑائی 2022 میں قائم ہونے والی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد دوبارہ شدت اختیار کرگئی ہے۔

اس صورتحال سے بحیرہ احمر اور باب المندب کے قریب علاقائی سلامتی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔