ریفرنڈم؛ کینیڈا سے علیحدگی کیلیے تیل سے مالامال صوبے البرٹا میں ووٹنگ

یہ ریفرنڈم صوبے کے عوام سے پوچھتا ہے کہ آیا البرٹا کو کینیڈا سے الگ ہونے کے لیے قانونی عمل شروع کرنا چاہیے یا نہیں


ویب ڈیسک October 19, 2026
یہ ریفرنڈم صوبے کے عوام سے پوچھتا ہے کہ آیا البرٹا کو کینیڈا سے الگ ہونے کے لیے قانونی عمل شروع کرنا چاہیے یا نہیں

کینیڈا کے تیل سے مالا مال صوبے البرٹا میں علیحدگی کی تحریک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے ریفرنڈم پر ووٹنگ جاری ہے تاہم اس کا نتیجہ فوری آزادی نہیں بلکہ مستقبل میں علیحدگی کے پابند ریفرنڈم کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر 19 اکتوبر کو ہونے والا یہ ووٹ صوبے کے عوام سے پوچھتا ہے کہ آیا البرٹا کو کینیڈا سے الگ ہونے کے لیے قانونی عمل شروع کرنا چاہیے۔

اگر اس تجویز کو اکثریت ملتی ہے تو مستقبل میں علیحدگی کے بارے میں باقاعدہ ریفرنڈم کرانے کا عمل شروع ہوسکتا ہے۔

صوبائی وزیرِاعلیٰ نے علیحدگی کی حامی تحریک کے دباؤ اور شہریوں کی جانب سے دستخطی مہم کے بعد ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا تاہم وہ خود کینیڈا سے الگ ہونے کی حامی نہیں ہیں۔

علیحدگی کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے مفادات، خصوصاً تیل اور توانائی کی صنعت، کو نظرانداز کرتی ہے اور البرٹا وفاقی معیشت میں اپنے حصے کے مقابلے میں کم فوائد حاصل کرتا ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے بھی قومی اتحاد کے حق میں مہم چلائی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ملک کی وحدت معاشی اور قومی مفادات کے لیے ضروری ہے۔

البرٹا کے انتخابی ادارے کے مطابق 13 سے 17 اکتوبر تک پیشگی ووٹنگ اور ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 56 ہزار 873 رہی جو اہل ووٹرز کا 43.1 فیصد ہے۔ حتمی نتائج ووٹنگ مکمل ہونے اور گنتی کے بعد سامنے آئیں گے۔