لاہور:
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کو گاڑی سے کچل کر قتل کرنے میں ملوث ملزم کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ عدالت میں تھپڑ مارنا کافی نہیں، وسیم کے قتل پر قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی ہونی چاہئے، ایک دن کی چھٹی مانگنے پر بچے کو گاڑی سے کچل کر قتل کرنے کا واقعہ انتہائی سنگین ہے۔
سارہ احمد نے کہا کہ وسیم کا قتل دانستہ اقدام ہے، ملزم کو پاکستانی قانون کے تحت سخت ترین سزا دی جائے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کی ٹیم کو کیس کی فوری پیروی اور انصاف یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچے کو ادارے میں رکھنے والے یتیم خانے کی مکمل تحقیقات کی جائیں، خلاف ورزیاں اور غفلت ثابت ہونے پر یتیم خانے کا لائسنس منسوخ اور ادارہ سیل کیا جائے۔
سارہ احمد نے کہا کہ کسی بچے کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جا سکتا، ریاست بچوں پر تشدد برداشت نہیں کرے گی، بچوں کو تشدد اور موت نہیں بلکہ تحفظ، عزت اور انصاف ملنا چاہئے۔