شاہ رخ خان کا ابوظبی میں میوزک فیسٹیول کا اعلان، اریجیت سنگھ اور سونو نگم بھی شریک ہوں گے

یہ میلہ 20 مارچ 2027 کو ابوظبی کے جزیرے یاس پر واقع اتحاد لائیو میں منعقد ہوگا


ویب ڈیسک October 20, 2026
فوٹو : انٹرنیٹ

بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں موسیقی کے بڑے میلے ’یونیفائیڈ‘ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ایک روزہ اس فیسٹیول میں اریجیت سنگھ، سونو نگم اور پنجابی گلوکار و ریپر کرن اوجلا سمیت 15 سے زائد فنکاروں کی پرفارمنس متوقع ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میلہ 20 مارچ 2027 کو ابوظبی کے جزیرے یاس پر واقع اتحاد لائیو میں منعقد ہوگا۔ منتظمین کا مقصد بھارتی موسیقی کے مختلف ادوار، نسلوں اور انداز کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے۔ اس موقع پر بھارت کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے مختلف علاقوں سے بھی شائقین کی آمد متوقع ہے۔

فیسٹیول میں معروف ہندی گلوکار اریجیت سنگھ اور سونو نگم اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ پنجابی موسیقی کے نمایاں نام کرن اوجلا بھی اسٹیج پر پرفارم کریں گے۔ منتظمین نے بتایا ہے کہ فیسٹیول میں شریک ہونے والے مزید فنکاروں کے نام بعد میں جاری کیے جائیں گے۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے موسیقی کی لوگوں کو قریب لانے کی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ثقافتوں اور برادریوں کو یکجا کرنے میں موسیقی کا غیر معمولی کردار ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ پردے پر کہانیاں سناتے ہوئے گزارا ہے اور دیکھا ہے کہ کہانیاں کس طرح لوگوں کے درمیان فاصلے کم کر سکتی ہیں۔